خبرنامہ سندھ

24اکتوبر کوشروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے حوالے سے کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس

کراچی ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت24 اکتوبر کوشروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور ٹاؤن ہیلتھ افسران نے بریفنگ دیتے ہو ئے بتایا کہ مہم کے دوران رہ جانے والے بچوں پر خصو صی توجہ دی جائے گی تا کہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے سے محروم نہ رہے اور مہم کا آغاز 24 اکتوبر سے شروع ہو گا جس میں کراچی کی تمام 188 یونین کونسلوں میں مہم پر عمل در آمد ہو گا ۔ کمشنر کراچی کو بتا یا گیا کہ مہم میں 22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔دریں اثنا کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا مقصد بچوں کے مستقبل کومحفوظ بنانا ہے لہذاوہ پولیو کے خاتمہ کی مہم میں تعاون کریں ۔ انھوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ہر مہم میں پولیو کے قطرے پلائیں جبکہ اس سے کوئی نقصان نہیں ہے ۔ اس سے ان کے اندر قوت مدافعت پیدا ہوگی ۔اجلا س میں سیکریٹری صحت محمد عثمان چاچڑ، اوور سائٹ کمیٹی کی صوبائی کو آرڈینیٹر شہناز وزیر علی، ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کے کو آرڈینیٹر فیا ض جتوئی،کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کو آرڈینیٹر ڈاکٹر نصرت علی، بل گیٹس اینڈ میلنڈافاؤنڈیشن کے نیشنل کنسلٹنٹ ڈاکٹر الطاف بوسن، صوبائی کنسلٹنٹ ڈاکٹر احمد علی شیخ، تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر میڈیامینجمنٹ کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی، تمام ٹاؤن ہیلتھ افسران،عالمی ادارہ صحت، یونیسف کے نمائندے محکمہ ہیلتھ ، پولیس اور رینجرز کے سینئر افسران اور دیگر نے شر کت کی۔