خبرنامہ

آسٹریلوی کپتان نے پاکستان سے پہلے ون ڈے میں فتح کا کریڈٹ بولرز کو دے دیا

برسبین: (ملت+اے پی پی) آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے پاکستان سے پہلے ون ڈے میں فتح کا کریڈٹ بولرز کو دے دیا۔ اسٹیون اسمتھ نے کہا کہ بولرز نے اچھی لائن لینتھ پر گیند کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی وکٹیں تسلسل کے ساتھ گرائیں جس کی وجہ سے وہ میچ میں واپس نہیں آسکی، اسمتھ نے کہا کہ ابتدا میں بیٹسمین جلد بازی کرگئے جس کا نقصان ہوا، ہمارا پلان یہی تھا کی مشکل صورتحال سے نکلتے ہوئے پورے اوورز کھیلنے کی کوشش کرینگے، میتھیوویڈ کے ذمہ دارانہ کھیل نے اچھا ٹوٹل یقینی بنا دیا۔ اسٹیون اسمتھ نے کہا کہ ہمیں نمبر 10پر بھی مچل اسٹارک جیسے بیٹسمین کی خدمات حاصل ہیں، اس لیے300کے قریب رنز بنانے کا موقع مل جاتا ہے،ٹاپ آرڈر قدرے بہتر آغاز کرے تو اگلے میچز میں بڑے اسکوردیکھنے کو ملیں گے۔ مین آف دی میچ میتھیو ویڈ نے کہا کہ ابتدا میں بیٹنگ قطعی آسان نہیں تھی، گیند سیم اور سوئنگ ہورہی تھی، گلین میکسویل نے اچھی رن ریٹ سے اسکور کرتے ہوئے مجھے دباؤ سے آزاد رکھا جس کی وجہ سے پورے اوورز کھیلنے کا مقصد حاصل کرلیا،آخری اوور میں سنچری مکمل کرنے کی غرض سے گیندیں کھیلتے ہوئے جلد بیٹ گھماتا رہا، بہرحال کوشش کی اور سنگ میل عبور کرلیا۔