خبرنامہ

آسٹریلیا کو شکست، جنوبی افریقہ کی 2-0 سے برتری

ہوبارٹ (ملت + اے پی پی) کائل ایبٹ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 80 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔ پروٹیز باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت کینگروز اپنی پہلی اننگز میں 85 رنز پر ڈھیر ہوگئے، جنوبی افریقہ کی ٹیم میچ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 326 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم پر 241 رنز کی برتری حاصل کی، کوئنٹن ڈی کاک نے شاندار سنچری سکور کی، کینگروز کے جوش ہیزل ووڈ نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا کو پروٹیز کی پہلی اننگز کے سکور 326 رنز کو برابر کرنے کیلئے مزید 120 رنز درکار تھے تاہم پروٹیز باؤلرز کے سامنے میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک مربتہ پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور وکٹیں خزاں رساں پتوں کی طرح بکھرتی رہیں اور اس کے 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے اور پوری ٹیم 161 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کائل ایبٹ نے انتہائی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ کھائی، انہیں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو آسٹریلوی ٹیم نے میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری ادھوری اننگز 121 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسکو 120 رنز خسارے کا سامنا تھا جبکہ عثمان خواجہ 56 اور کپتان سٹیون سمتھ 18 رنز پر کھیل رہے تھے۔ پروٹیز نے اپنی گزشتہ روز کی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور کینگروز کو بالکل بے بس کردیا۔ عثمان خواجہ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 64 رنز بناکر کائل ایبٹ کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد آسٹریلین ٹیم یکے بعد دیگرے پویلین کو لوٹتی چلی گئی کوئی بھی کھلاڑی پروٹیز باؤلرز کے سامنے نہ ڈٹ سکا اور سمتھ کے علاوہ کوئی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکا، ایڈم ووجز چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 2 رنز بناکر کائل ایبٹ کی گیند پر پال ڈومنی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، کالم فارگیوسن محض ایک رن بناکر رابادا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، پیٹر نیویل 6 رنز بناکر رابادا کی گیند پر پال ڈومنی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، مینی اور سٹارک یکے بعد دیگرے صفر پر بالترتیب رابادا اور کائل ایبٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، سٹیون سمتھ 31 رنز بناکر رابادا کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، نیتھن لیون آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بناکر کائل ایبٹ کی گیند پر فلینڈرکے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، ہازلیووڈ 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور یوں پروٹیز باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت پوری آسٹریلوی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 161 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 80 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔ کائل ایبٹ نے انتہائی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ کھائی، انکو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔