لاہور(ملت + آئی این پی) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ انہوں نے آسٹریلیا کیخلاف آئندہ برس ہونے والی پانچ میچوں کی ایک روزہ سیریز کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی آسٹریلیا کیخلاف سیریز ہوتی ہے وہ ان سے مقابلہ کرنے کیلئے سخت سطح کی پچز پر پریکٹس شروع کر دیتے ہیں کیونکہ وہاں کی پچز میں بانس زیادہ ہوتا ہے ۔ شعیب ملک نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی سیریز کے بعد آسٹریلیا کیخلاف سیریز کا پی سی بی کا فیصلہ اچھا ہے کیونکہ اس سے کینگروز کیخلاف تیاری کا بھرپور موقع ملے گا۔ شعیب ملک کا کہنا تھا کہ بگ بیش کا تجربہ بھی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بہت کام آئے گا تاہم اپنے گراونڈز پر کینگروز انتہائی سخت حریف ثابت ہوں گے جن سے نمٹنے کیلئے سخت تیاری کی ضرورت ہے ۔