خبرنامہ

آسٹریلیا کے269 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ

برسبین: (ملت+اے پی پی) آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 269 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔ برسبین کے وولن گابا اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کی شاندار سنچری کی بدولت 9 وکٹوں پر 268 رنز بنائے جب کہ 269 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور شرجیل خان نے کیا اور دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور 38 رنز تک پہنچایا تھا کہ شرجیل خان جیمز فالکنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جب کہ ایک رن کے اضافے کے بعد کپتان اظہر علی ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔ محمد حفیظ بھی 4 رنز بنا کر فالکنر کا شکار بنے جب کہ عمر اکمل کو 17 رنز پر مچل اسٹارک نے ٹریوس ہیڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ بابر اعظم اچھی فارم میں نظر آئے تاہم وہ بھی 33 رنز بنا کر پیٹ کمنس کی گیند پر سلپ میں اسٹیون اسمتھ کو کیچ دے بیٹھے۔