خبرنامہ

آ سٹریلیا کو بڑا دھچکا، مچل مارش کے بعد سٹارک بھی انجرڈ، دورہ بھارت سے باہر

دہلی (ملت + آئی این پی) بھارت کے دورے پر موجود آسٹریلین ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور آسٹریلین باؤلنگ اٹیک کے سرخیل مچل اسٹارک سیدھے پیر میں اسٹریس فریکچر کے سبب ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔اسٹارک کو بنگلورو میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پیر میں درد کی شکایت ہوئی تھی اور درد میں کمی نہ ہونے پر انہیں جمعے کو اسکین کیلئے بھیجا گیا جہاں ان کے پیر میں اسٹریس فریکچر کا انکشاف ہوا ہے۔ آسٹریلین ٹیم کے فزیو تھراپسٹ ڈیوڈ بیکلی نے بتایا کہ دوسرے ٹیسٹ میں اسٹارک کو پیر میں درد کی شکایت ہوئی تھی، ہمیں امید تھی کہ وقت گزرنے کے ساتھ درد میں کمی واقع ہو گی لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے درد کی شکایت پر جمعے کو اسکین کرانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد ان کے پیر میں اسٹریس فریکچر کا انکشاف ہوا اور وہ ہندوستان کے خلاف بقیہ سیریز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔اسٹارک کو صتیابی کیلئے وطن واپس بھیجا جا رہا ہے اور تاحال یہ بات واضح نہیں کہ وہ اب کب تک ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔فاسٹ باؤلر کی جگہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں جیکشن برڈ کو کھلائے جانے کا امکان ہے لیکن تاحال ان کے متبادل کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔یاد رہے کہ رانچی میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل یہ آسٹریلیا کو دوسرا بڑا دھچکا لگا ہے جہاں اس سے قبل مچل مارش بھی انجری کے سبب ٹیسٹ سے باہر ہو کر وطن واپس لوٹ چکے ہیں اور ان کی جگہ مارکوس استوئنس کو طلب کر لیا گیا تھا۔