لاہور: احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔
پی سی بی ہیڈکوارٹر میں آج نئے چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا جانا تھا تاہم احسان مانی کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے جس کے بعد وہ بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔
پی سی بی کے قانون کے مطابق احسان مانی آئندہ 3 برس تک چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔
اس سے قبل کرکٹ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان نے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے استعفے کے بعد احسان مانی کو کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین نامزد کیا تھا تاہم بعدازاں غلطی کا احساس ہونے پر انہیں گورننگ باڈی کا ممبر بنانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے ممبرز کی تعداد 10 ہے جس میں دو براہ راست وزیراعظم یعنی پی سی بی کا پیٹرن مقرر کرتا ہے جب کہ دیگر 8 ریجنزاورڈپارٹمنٹ کی جانب سے منتخب ہوکر بورڈ کا حصہ بنتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا انتخاب گورننگ بورڈ کے ممبران اپنے ووٹ کے ذریعے کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ احسان مانی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے صدر کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔