دبئی ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی) پاکستانی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اظہر علی نے ٹیسٹ کیریئر کے 4 ہزار رنز مکمل کر لئے، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دسویں پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں، انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار ٹرپل سنچری بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری تاریخی ڈے اینڈ نائٹ کی پہلی اننگز میں اظہرعلی نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، کالی آندھی کے باؤلرز نے انہیں آؤٹ کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم کامیاب نہ ہو سکے، اظہر نے غیرمعمولی بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار ٹرپل سنچری بنائی اور اس کے ساتھ ہی کیریئر کے 4 ہزار رنز مکمل کر لئے۔ اظہر نے کیریئر کے پچاسویں ٹیسٹ میں یہ اعزاز حاصل کیا، پاکستان کی طرف سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز یونس خان کو حاصل ہے جنہوں نے 9456 رنز بنا رکھے ہیں۔