لاہور:(اے پی پی) اظہر علی کی ون ڈے قیادت کو ’’لائف لائن‘‘ مل گئی،رضاکارانہ طورپر دستبردار کرانے کی مہم ناکام ہونے پر پی سی بی کی جانب سے فیصلہ موخر کیے جانے کا امکان ہے، ویسٹ انڈیز سے سیریز کے بعد معاملے کا از سرنو جائزہ لیا جائے گا۔ یواے ای میں مقابلوں کے دوران انتخاب عالم کی جگہ وسیم باری بطور منیجر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ سے ون ڈے سیریز میں شکست پر اظہر علی کے انداز قیادت پر سوال اٹھائے گئے، پی سی بی حکام نے بھی ان کو رضاکارانہ طور پر یہ ذمہ داری چھوڑ کر بطور عام کھلاڑی کھیلنے کی ہدایت دی،بیٹسمین کو خدشہ تھا کہ کپتانی گئی تو ٹیم میں جگہ بھی نہیں بچے گی۔ اس لیے چیئرمین شہریار خان کو آگاہ کیا کہ وہ قیادت نہیں چھوڑیں گے، چند سابق کرکٹرز بھی جلد بازی میں کوئی فیصلہ کرنے کے حق میں نہیں،بورڈ کے سربراہ اسپتال میں ہیں، ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی پاکستان میں موجود نہیں، اس صورتحال میں قوی امکان ہے کہ پی سی بی کی جانب سے سرفراز کو ون ڈے کپتان بنانے کا اعلان نہیں کیا جائے گا، ویسٹ انڈیز سے سیریز کے بعد معاملے کا از سرنو جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی فیصلہ ہوگا، دریں اثنا یواے ای میں کیریبیئنز سے مقابلوں میں انتخاب عالم کی جگہ وسیم باری بطور ٹیم منیجر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔