خبرنامہ

اعصام الحق 2018 کے 10 بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہونے کیلئے پرامید

اعصام الحق 2018 کے 10 بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہونے کیلئے پرامید

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے کہا کہ وہ رواں سال عالمی رینکنگ میں ٹاپ 10 کھلاڑیوں میں شامل ہونے کیلئے پرامید ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ وہ اور عقیل خان کافی عرصہ سے ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستان کے لئے کھیل رہے ہیں، کوریا کے خلاف ٹائی میں وہ اور عقیل خان ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ جنوبی کوریا کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ان کے ساتھ کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے تاہم میزبان ہونے اور گراس کورٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قومی ٹیم کوریا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کرے گی۔ پاکستانی ٹینس اسٹار نے کہا کہ آسٹریلین اوپن مینز ڈبلز کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے بعد عالمی رینکنگ میں 32 سے 30ویں پوزیشن پر واپس آگیا ہوں اور اب رواں سال مختلف بین الاقوامی ڈبل مقابلوں میں عمدہ کھیل پیش کرکے ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی 2 اور 3 فروری کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جائے گی، اس سلسلے میں کورین ٹیم پاکستان بھی پہنچ چکی ہے۔