خبرنامہ

امریکی فٹ بالر کا ایک مرتبہ پھرقومی ترانےکےاحترام میں کھڑے ہونےسےانکار

نیویارک:(اے پی پی) امریکی نیشنل فٹبال لیگ کے کھلاڑی کولن كیپرنك نے ایک مرتبہ پھر احتجاجاً قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہونے سے انکار کردیا جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔ سان فرانسسکو 49 کے لیے کھیلنے والے کولن كیپرنك نے امریکا میں نسلی امتیاز اور سیاہ فام افراد کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف احتجاجاً قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہونے سے انکار کردیا اور میچ سے قبل ترانے کی دھند پر تمام کھلاڑی احتراماً کھڑے رہے لیکن کولن اپنی نشست پر بیٹھے رہے۔ اُن کی ٹیم میں شامل ایک ساتھی کھلاڑی بھی اس احتجاج میں شامل تھے لیکن بعض شائقین نے ان کی اس حرکت پر ناپسندیدگی کا اظہارکیا تھا۔ کولن کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں اس پرچم یا ملک کی تعظیم کے لیے کھڑا نہیں ہوں گا جو سیاہ فام افراد اور دوسرے رنگ و نسل کے لوگوں کا استحصال کرتا ہے، میری اس مخالفت کو اگر دوسرے انداز سے دیکھیں تو یہ خود غرضی ہوگی لیکن ایسا کرنا میرے لیے فٹ بال سے بھی بڑا کام ہے۔ شائقین فٹبال نے کولن كیپرنك کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی اس حرکت سے لگتا ہے کہ وہ محب وطن نہیں اور انھوں نے ان افراد کی توہین کی ہے جو ملک کی خاطر جان دینا چاہتے ہیں۔