انڈر 19 ورلڈکپ؛ گرین شرٹس ناکامی کا ازالہ کرنے کیلیے پُراعتماد
وانگیری:(ملت آن لائن) آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم منگل کو آئرلینڈ سے مقابلہ کرے گی جب کہ افغانستان سے غیرمتوقع شکست سے دوچار ہوجانے والے گرین شرٹس ابتدائی ناکامی کا ازالہ کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔
نیوزی لینڈ میں جاری ایونٹ میں پاکستان کو افغانستان نے پہلے ہی میچ میں5وکٹ سے ہرا دیا تھا، ماضی کی چیمپئن ٹیم اب آج آئرلینڈ کیخلاف بہتر کھیل پیش کرنے کی خواہاں ہے۔
ایونٹ میں گزشتہ روز انگلینڈ اور بنگلادیش نے آسان فتوحات سمیٹ لیں، انگلینڈ نے نمیبیا کو 8 وکٹ سے زیر کیا، ناکام سائیڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 196رنز بنائے، شوان فونچ 44 اورنکول لوفٹی ایٹون 36 رنز بناکر نمایاں رہے.
لیوک ہولمین نے 3 شکارکیے، ٹام اسکائر اور ہیری بروک نے 2،2 پلیئرز کو پویلین کی راہ دکھائی، انگلینڈ نے24.1 اوورز میں 2 وکٹ پر منزل پالی، ول جیک 73 کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، بولنگ کے بعد ہیری بروک نے بیٹنگ میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہوئے 59 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، گیرہارڈ لوٹرنگ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسرے مقابلے میں بنگلہ دیش نے کینیڈا کو 66 رنز سے قابو کرلیا. فاتح الیون نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر264 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، توحید ہیرڈوے 122رنز بنانے میں کامیاب رہے، عفیف حسین 50 اور محمد نعیم شیخ 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، فیصل جام کنڈی نے5 وکٹیںاڑائیں، کینیڈین ٹیم 49.3 اوورز میں 198رنز پر ہمت ہارگئی، ارسلان خان 63 اورپرنوو شرما 34 رنز بناکر نمایاں رہے، عفیف حسین نے ففٹی کے بعد بولنگ میں بھی عمدہ کھیل پیش کیا اور43رنز دے کر5 کھلاڑیوں کو میدان بدر کرنے میں کامیاب رہے۔