خبرنامہ

انڈر 19 ورلڈ کپ؛ اسٹار کرکٹرز کے سپوت جگمگانے کو تیار

انڈر 19 ورلڈ کپ؛ اسٹار کرکٹرز کے سپوت جگمگانے کو تیار
دبئی:(ملت آن لائن) اسٹار کرکٹرز کے سپوت انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں جگمگانے کیلیے تیار ہیں۔

آئی سی سی کے جونیئر ایونٹ کا 12واں ایڈیشن 13 جنوری سے 3 فروری تک نیوزی لینڈ میں شیڈول ہے، کیوی دیس کو میزبانی ملنے کا یہ تیسرا موقع ہے، ماضی کی طرح آئندہ ماہ بھی سابق آسٹریلوی اسٹار اسٹیو وا اور جنوبی افریقہ کے سابق پیسر مکھایا این تینی کے صاحبزادے اس ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

اسٹیو وا کے جواں سال بیٹے آسٹن وا نے کہا کہ میں دنیا بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کو جانچنا چاہوں گا، میں چاہوں گا کہ اس ایونٹ میں اپنے ٹیلنٹ کو بھرپورانداز میں سامنے لائوں،آسٹن وا نے 2016 میں انڈر17 نیشنل چیمپئن شپ کے فائنل میں 122 کی اننگز کھیل کر دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی، آسن بھارتی آل رائونڈر ہردیک پانڈیا کو اپنا فیورٹ قرار دیتے ہیں جبکہ وہ آنجہانی فل ہیوز کے انداز بیٹنگ سے بھی خاصے متاثر دکھائی دیتے ہیں۔

اسی طرح سابق جنوبی افریقی پیسر مکھایا کے بیٹے تھانڈو این تینی کا کہنا ہے کہ میں نے ساڑھے تین برس کی عمر میں کرکٹ کھیلنا شروع کردیا تھا، میرے والد بھی اسی کھیل سے وابستہ رہے لہذا میں بھی ان کے نقش قدم پر چلا، تھانڈو نے 2015 میں جنوبی افریقہ انڈر19 ٹیم میں ڈیبیو کے موقع پر ویسٹ انڈیز کیخلاف 56رنز کے عوض 4 وکٹوں کی پرفارمنس پیش کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی آمد کا اعلان کیا، ماضی میں آسٹریلیا کی جانب سے 2012 کے ایڈیشن میں مچل مارش نے بھی حصہ لیا ہے، جو کہ سابق اوپنر جیف مارش کے صاحبزادے ہیں۔

دوسری جانب مچل کے بڑے بھائی شان مارش نے بھی 2000 اور2002 کے انڈر19 ورلڈ کپ ایونٹس میں حصہ لیا تھا، سابق آسٹریلوی پیسر کریگ میکڈرمٹ کے فرزند الیسٹر میکڈرمٹ بھی جونیئر میگا ایونٹ کا ماضی میں حصہ بن چکے ہیں، الیسٹر کے ایک اور بھائی بین میکڈرمٹ نے 2014 کے ایڈیشن میں جلوہ نمائی فرمائی تھی، تاہم وہ اپنے والد اور بھائی کے برعکس فاسٹ بولر نہیں بلکہ وکٹ کیپر بیٹسمین رہے۔

ادھر نیوزی لینڈ کے لانس کینز کے بیٹے کرس کینز، برائن ہیسٹنگز کے صاحبزادے مارک ہیسٹنگز نے بھی 1988 میں پہلے انڈر19 ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی،آسٹریلوی کرکٹر برینڈن بریسویل کے بیٹے ڈگ اور راڈ لیتھم کے بیٹے ٹام لیتھم نے بھی 2010 میں اپنے ملکوں کی نمائندگی کی تھی، 2000 کے ایڈیشن میں یوراج سنگھ عالمی افق پر اسی ایونٹ سے ابھرے تھے، جہاں محمد کیف کی زیرقیادت بھارت نے ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا، اس کے بعد راجربنی کے بیٹے اسٹورٹ اور اسٹیفن کک کے فرزند جمی کک نے بھی شرکت کی تھی جب کہ شیونرائن چندرپال کے بیٹے تیجا نارائن چندرپال بھی جونیئر ایونٹ کا حصہ بنے ہیں۔