انڈر 19 ورلڈ کپ فائنل؛ بھارت اور آسٹریلیا جونیئرز آج مدمقابل ہوں گے
ماؤنٹ ماؤنگانوئی:(ملت آن لائن)عالمی جونیئر چیمپئن کے ٹائٹل کیلیے فیصلہ کن جنگ بھارت اور آسٹریلیا کے مابین آج ہوگی۔ انڈر 19 ورلڈکپ کا فائنل پاکستانی وقت کے مطابق ہفتے کی صبح 6 بجے ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں شروع ہوگا،ٹائٹل تک پہنچنے کیلیے ایونٹ میں ابھی تک ناقابل شکست بھارت کو آسٹریلوی دیوار گرانا ہوگی،اگرچہ دونوں ٹیموں نے ماضی میں 3،3بار ٹائٹل جیتے، باہمی مقابلوں میں بھی پلڑا برابر رہا لیکن بلوشرٹس کی حالیہ فارم اور کینگروز کیخلاف عمدہ کارکردگی انھیں فیورٹ قرار دینے کیلیے کافی ہے۔ ورلڈکپ کے لیگ میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 100رنز سے مات دی تھی،اس سے قبل گذشتہ میگاایونٹس کے دونوں میچز میں بھی بلو شرٹس فاتح رہے،ان میں سے ایک 2012کا فائنل بھی تھا، کینگروز نے2فتوحات 1988اور 1998میں حاصل کی ہیں۔ بھارتی ٹیم بڑی متوازن اور شبمان گل بیٹنگ میں استحکام کی علامت بنے ہوئے ہیں،انھوں نے ابھی تک 170.50کی اوسط سے رنز بنائے ہیں،دوسری جانب کملیش نگار کوٹی، شیوم ماوی جیسے اسپیڈ اسٹارز اور بہترین لائن و لینتھ کا مظاہرہ کرنے والے ایشان پورل حریفوں کو پریشان کرتے رہے ہیں،اوپنرز کی کارکردگی اتنی اچھی رہی کہ مڈل آرڈر کو بھی زیادہ زور نہیں لگانا پڑا۔
بطور مستند بیٹسمین گہرا تاثر چھوڑنے والے کپتان پرتھوی شا نے کہاکہ فاسٹ بولرز نے بروقت وکٹیں لیتے ہوئے ٹیم کیلیے فتوحات کا راستہ بنایا ہے،ٹاپ آرڈر نے بھی اچھا پرفارم کیا، فائنل میں ایک بڑی شراکت بھی قائم کرلی تو 300 کے قریب رنز بنا سکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ آسٹریلیاایک بہترین سائیڈ اور کیوی کنڈیشنز میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ رکھتی ہے، ہمیں پورے میچ میں اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز رکھنا ہوگی۔ دوسری جانب آسٹریلوی کپتان جیسن سانگا نے کہا کہ لیگ میچ میں بلو شرٹس کیخلاف100رنز سے شکست پر کوئی پریشانی نہیں،بھارتی ٹیم نے ابھی تک اچھی کرکٹ کھیلی لیکن فائنل میں نیا میچ اور چیلنج ہوگا،ہماری کوشش ہوگی کہ ابتدا میں جلد وکٹیں حاصل کرکے حریف کو دباؤ میں لے آئیں،ہم فیورٹ نہیں لیکن آسٹریلوی ہیں اور آسانی سے ہتھیار ڈالنے والے نہیں، گزشتہ میچز میں اتار چڑھاؤ دیکھ لیے اب بہترین کارکردگی دکھانے کا موقع ہے،انھوں نے کہا کہ پیسر جیسن رالسٹن کی انجری افسوسناک لیکن انگلینڈ کی8وکٹیں اڑانے والے لوئیڈ پوپ سمیت دیگر بولرز بھی باصلاحیت ہیں۔ یاد رہے کہ بھارت چھٹی جبکہ آسٹریلیا پانچویں بار جونیئر ورلڈ کپ کا فائنل کھیل رہا ہے۔