ساؤتھمٹن ۔ 25 اگست (اے پی پی) انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 44 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے، کپتان اظہر علی نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، سرفراز 55 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں انگلش ٹیم نے 34.3 اوورز میں 3 وکٹوں پر 194 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی، طویل انتظار کے بعد جب بارش نہ رکی تو انگلش ٹیم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 44 رنز سے فتح یاب قرار پائی۔ جیسن روئے 65 اور جوروٹ 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، روئے کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ساؤتھمٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے، گرین شرٹس کی اننگزکا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 25 کے سکور پر اسے پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب شرجیل خان 16 رنز بنا کر ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، 52 کے سکور پر محمدحفیظ نے غیرذمہ دارانہ اسٹروک کھیل کر اپنی وکٹ گنوائی، وہ 11 رنز بنا سکے، اس موقع پر بابراعظم نے کپتان کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور 113 تک پہنچا دیا، بابراعظم جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 40 کے انفرادی سکور پر ایمپائر کے غلط فیصلے کا نشانہ بن گئے، اس کے بعد اظہرعلی نے سرفراز کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کے سلسلے کو جاری رکھا، یہ پارٹنر شپ انگلش ٹیم کیلئے خطرہ بن رہی تھی کہ 178 کے مجموعی سکور پر عادل رشید نے اظہر کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم شراکت توڑ ڈالی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، اظہر علی 82 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، 224 کے سکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب شعیب ملک 17 رنز بنا کر پلنکٹ کی گیند کا نشانہ بنے، اگلے اوور میں کرس ووکس نے سرفراز احمد کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، سرفراز نے 55 رنز بنائے، اس موقع پر محمدنواز اور عماد وسیم نے ملک کر ٹیم کا سکور مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 260 تک پہنچا دیا، نواز اور عماد 17، 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، عادل رشید نے 2 جبکہ کرس ووکس، مارک ووڈ، لیام پلنکٹ اور جوروٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلش ٹیم 260 رنزکے ہدف کے تعاقب کیلئے جب میدان میں اتری تو 27 کے سکور پر اسے ایلکس ہیلز کا نقصان برداشت کرنا پڑا، ہیلز 7 رنز بنا کر عمرگل کی گیند کا شکار بنے، اگلے اوور میں محمدعامر کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز نے جیسن روئے کا کیچ ڈراپ کیا جس کا ٹیم کو خمیازہ بھگتنا پڑا، روئے نے دوسرا موقع ملنے کا بھرپور فائدہ اٹھایا، انہوں نے جوروٹ کے ساتھ مل کر ڈٹ کر گرین شرٹس کے باؤلرز کا مقابلہ کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 89 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 116 تک پہنچا دیا، یہاں پر محمدنواز نے روئے کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، روئے نے 65 رنز بنائے، 158 کے سکور پر انگلینڈ کی تیسری وکٹ گری جب جوروٹ 61 رنزکی اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد کپتان آئن مورگن اور بین سٹوکس نے ٹیم کا سکور 194 تک پہنچایا تھا کہ بارش شروع ہو گئی، اس وقت انگلش ٹیم پاکستان سے 44 رنز آگے تھی، طویل انتظار کرنے کے بعد جب بارش نہ تھمی تو انگلش ٹیم 44 رنز سے کامیاب رہی، مورگن 33 اور سٹوکس 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، عمرگل اور محمدنواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔