خبرنامہ

آسٹریلیا، پاکستان اور انگلینڈ، بھارت ون ڈے رینکنگ کیلئے اہم سیریز

آئی سی سی:(ملت+اے پی پی) کی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان آسٹریلیا اور انگلینڈ بھارت میچز کے نتائج بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 15جنوری سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں بھارت اس وقت 111 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ اگر بھارت انگلینڈ کیخلاف سیریز تین صفر سے جیت لیتا ہے تو بھارت کو 5پوائنٹس حاصل ہو جائینگے جس کے بعد اس کا جنوبی افریقا سے صرف 2 پوائنٹس کے فرق رہ جائے گا۔ جنوبی افریقا اس وقت 116 پوائنٹس کیساتھ ون ڈے رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بھی ون ڈے سیریز چل رہی ہے۔ جس کے پہلے میچ میں پاکستان کو 92 رنز سے شکست ہوئی اور آسٹریلیا کو پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ ون ڈے رینکنگ میں پاکستان اس وقت آٹھویں نمبر پر ہے، جبکہ آسٹریلیا اس رینکنگ میں 120 پوائنٹس کیساتھ سر فہرست ہے۔ پاکستان کیلئے اس وقت زیادہ سے زیادہ میچز جیتنا اہم ہے، جس سے نہ صرف ون ڈے رینکنگ میں بہتری ہوگی بلکہ ورلڈ کپ میں کوالیفائینگ رائونڈ بھی کھیلنا نہیں پڑیگا۔ زیادہ میچز ہارنے سے پاکستان کی رینکنگ خراب ہوگی جو ٹیم کو کوالیفائنگ رائونڈ کھیلنے پر مجبور کردے گا۔