پالی کیلے:(اے پی پی) آسٹریلیا نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچز پر مشتمل سیریز 1-4 سے اپنے نام کرلی۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان دنیش چندیمل نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم 40.2 اوورز میں 195 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد مہمان آسٹریلیا نے ہدف 43 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر ڈیوڈ وارنر کو مین آف دی میچ اور جارج بیلی کو مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے شانداری سنچری اسکور کی اور 9 چوکوں کی مدد سے 126 گیندوں پر 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جارج بیلی 44 اور ٹریوس ہیڈ 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے دلروان پریرا نے 3 اور ڈی سلوا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کی تو کوئی بلے باز زیادہ دیر تک کریز پر نہیں کھیل سکا اور دنشکا گناتھیلاکا 39، ڈی سلوا 34 اور سچت پتھیرانا 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 3، ایڈم زمپا اور ٹریوس ہیڈ 2،2، جان ہیشٹنگ، اسکاٹ بولانڈ اور جیمز فالکنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔