خبرنامہ

ایسی شاندار کارکردگی دکھاؤں گا سوچا نہیں تھا

گیانا (ملت آن لائن + آئی این پی) پاکستان کر کٹ ٹیم کے نوجوان لیگ سپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف اچھی کارکردگی ذہن میں ضرور تھی لیکن ایسی شاندار کارکردگی دکھاؤں گا سوچا نہیں تھا، دورے کے لیے سخت محنت کی ہے اور کوچز نے انہیں بہت زیادہ حوصلہ دیا، پہلے فاسٹ باؤلر تھا کلب کوچ کے کہنے پر سپن باؤلنگ شروع کی،مزید سخت محنت کرکے بین الاقوامی کرکٹ میں مزید کامیابیاں حاصل کروں گا،کریز سے باہر باؤلنگ کیا کرتا تھا ڈین جونز نے رہنمائی کی جو میرے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں شاداب خان کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ میری گگلی مقبول ہورہی ہے لیکن صرف یہ ایک نہیں ہے، میں لیگ اسپن اور فلیپر پر سخت محنت کرتا ہوں اور تینوں گیندوں کو آزمانے کے لیے بہترین کوشش کروں گا۔شاداب خان کا کہنا ہے کہ میرا ماننا ہے کہ میں مزید سخت محنت کرسکتا ہوں اورمیں بین الاقوامی کرکٹ میں مزید کامیابیاں حاصل کروں گا۔نوجوان باؤلر کا کہنا تھاکہ جب میں نے کلب کرکٹ شروع کی تھی تو میں تیز باؤلنگ کرتا تھا لیکن ہمارے کلب کے صدر نے مجھے لیگ اسپن باؤلنگ شروع کرنے کا کہا اور میں نے اس آرٹ پر سخت محنت شروع کردی۔شاداب کا کہنا تھا کہ میں کریز سے باہر باؤلنگ کیا کرتا تھا اور بعد میں ڈین جونز نے رہنمائی کی جو میرے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی۔شاداب خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کھیل کر انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا کیونکہ پی ایس ایل ایک لحاظ سیانٹرنیشنل کرکٹ ہی تھی اور اس میں بڑے بڑے بیٹسمین کھیل رہے تھے جن کے خلاف بولنگ کرکے ان میں اعتماد آیا جو انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کے کام آئے گا۔