خبرنامہ

ایشز سیریز؛ میلبورن میں انگلینڈ کے ’’کھوٹے سکے‘‘ چل گئے

ایشز سیریز؛ میلبورن میں انگلینڈ کے ’’کھوٹے سکے‘‘ چل گئے

میلبورن:(ملت آن لائن) انگلینڈ کے ’کھوٹے‘ سکے میلبورن میں چل گئے، فارم میں لوٹنے والے الیسٹر کک نے ڈبل سنچری جڑدی جب کہ براڈ نے بھی ففٹی سے کینگروز کے تازہ زخموں پر نمک چھڑک دیا۔ ایشز سیریز کے ابتدائی تینوں ٹیسٹ میچز میں اوپنر الیسٹرکک اور فاسٹ بولر براڈ دونوں ہی بری طرح ناکام رہے، جن کی وجہ سے ان دونوں کو ہی خاص طور پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا تاہم تنقید کے نشتر کھاکر دونوں میلبورن میں جاری چوتھے ٹیسٹ کے دوران فارم میں آگئے، کک تیسرے روز بھی آسٹریلوی اٹیک کیلیے وبال جان بنے رہے جبکہ چار وکٹیں لیکر بولنگ میں ٹریک پر واپس لوٹنے والے اسٹورٹ براڈ نے اپنا اعتماد بیٹنگ میں بھی برقرار رکھا اور ففٹی جڑ دی۔ آسٹریلیا نے جمعرات کو کھیل کا آغاز 192 رنز 2 وکٹ سے کیا۔ اس وقت الیسٹر کک 104 اور جوئے روٹ 49 رنز پر کھیل رہے تھے۔ مارننگ سیشن کے ابتدائی 10 اوورز میں دونوں نے میزبان اٹیک کا ڈٹ کر سامنا کیا تاہم تیسری وکٹ کیلیے 138 رنز کی شراکت کرنے والی اس جوڑی کا خاتمہ پیٹ کمنز کے ہاتھوں ہوا، کپتان روٹ نے شارٹ ڈلیوری کو پل کرنے کی کوشش کی جس پر ٹاپ ایج ہوا اور وہ ڈیپ اسکوائر لیگ پر موجود ناتھن لیون کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ ڈیوڈ مالان کو اس بار جوش ہیزل ووڈ نے ہاتھ نہیں کھولنے دیا، ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل پر امپائر کی اٹھتی انگلی نے مالان کو کنفیوز کردیا۔ بظاہر ان سائیڈ ایج لگ رہا تھا مگر جیمز ونس کی طرح انھوں نے بھی ریویو نہیں لیا اور 14 رنز پر میدان سے باہر چلے گئے، جمی بیئر اسٹو (22) کو ناتھن لیون نے وکٹ کیپر ٹم پین کی مدد سے قابو کیا، معین علی اس بار 20 رنز پر ہمت ہارگئے، وہ بھی لیون کی ہی وکٹ بنے مگر کیچ شان مارش نے تھاما، ووئکس 26 رنز بناکر کمنز کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، کیورن (4) کو ہیزل ووڈ نے قابو کیا، وہ بھی وکٹ کیپر کا کیچ بنے۔ اب وکٹ پر کک کو براڈ نے جوائن کیا، دونوں کے درمیان نویں وکٹ کیلیے پورے 100 رنز کی شراکت ہوئی۔ اس دوران کک نے باؤنڈری کے ذریعے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ اس جوڑی کا خاتمہ بھی کمنز کے ہاتھوں ہوا، براڈ 56 رنز بناکر عثمان خواجہ کا متنازع کیچ بنے، انھوں نے ڈیپ پر لو کیچ کا دعویٰ کیا، فیلڈ آفیشلز نے ٹی وی امپائرجوئیل ولسن سے رجوع کیا اگرچہ کلین کیچ کا ثبوت نہیں مل رہا تھا مگر براڈ کو آؤٹ قرار دیدیا گیا۔ جب تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو انگلینڈ نے 9 وکٹ پر 491 رنز بنالیے تھے، کک 244 رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ جیمز اینڈرسن نے کھاتہ نہیں کھولا تھا، انگلش ٹیم کو 164 رنز کی برتری حاصل ہوچکی تھی۔ سیریز گنوانے کے بعد فارم میں واپسی پر الیسٹر کک مایوس انگلش اوپنر الیسٹر کک سیریز گنوانے کے بعد فارم میں واپسی پر فرسٹریشن کا شکار ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میری یہ اننگز بہت تاخیر سے سامنے آئی۔ کک کہتے ہیں کہ سیریز کے آغاز میں جدوجہد کے بعد یہ اننگز میرے لئے ذاتی طور پر بہت بڑا لمحہ ہے لیکن مجھے افسوس اس بات کا ہیے کہ یہ اننگز اس وقت سامنے آئی جب سیریز ہاتھ سے نکل چکی ہے، اسی چیز نے مجھے بہت مایوس کیا ہے لیکن میرے لیے باعث اطمینان بات یہ ہے کہ میں حالات انتہائی خراب ہونے پر میں واپس فارم میں لوٹ آیا۔