خبرنامہ

ایشز ٹیسٹ کی میزبانی کرنےوالے میلبورن گراﺅنڈ کی وکٹ ناقص قرار

ایشز ٹیسٹ کی میزبانی کرنےوالے میلبورن گراﺅنڈ کی وکٹ ناقص قرار

دبئی:(ملت آن لائن) آئی سی سی نے چوتھے ایشز ٹیسٹ کی میزبانی کرنے والے میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ کی وکٹ کو ناقص قرار دیدیا، آسٹریلین کرکٹ بورڈ کو 2 ہفتوں میں جواب جمع کروانا ہو گا۔
میچ ریفری رنگن مدوگالے نے اپنی جائزہ رپورٹ میں کہا تھا کہ پچ میں باﺅنس درمیانہ تھا لیکن پیس کم تھا جو میچ جاری رہنے کے ساتھ ساتھ مزید کم ہوتا چلا گیا، میچ کے پانچ دنوں میں پچ کی ہیئت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ، اس طرح کی وکٹ سے نہ تو بیٹسمینوں کو زیادہ مدد ملی نہ ہی بولرز کو مناسب مواقع ملے۔ آئی سی سی پچ اینڈ آﺅٹ فیلڈ مانیٹرنگ پراسیس کے تحت یہ کسی بھی وینیو کا آخری جائزہ ہو گا، 4 جنوری سے آئی سی سی وینیوز کی مانیٹرنگ کیلیے نیا نظام متعارف کروانے والی ہے جس کے تحت غیرمعیاری وکٹوں والے وینیوز کو ڈی میرٹ پوائنٹس دیئے جائیں گے۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز دونوں کپتانوں نے اتفاق رائے سے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، سنچری بنانے والے سٹیو سمتھ نے بھی پچ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، یہ پہلا موقع ہے کہ آسٹریلوی ٹیسٹ وینیو کی وکٹ کو ناقص قرار دیا گیا ہے۔