خبرنامہ

ایشیا کپ: پاکستان کی فتح، بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست

بنکاک (ملت + اے پی پی) ایشین کرکٹ کونسل ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں پاکستان کی ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کی ٹیم کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے 45 رنز کا ہدف بآسانی 9.5 اوورز میں ایک کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر اور ایمان انور نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 3 اور 2 وکٹیں حاصل کیں۔ تھائی لینڈ میں جاری ایونٹ میں بدھ کو کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں پاکستانی باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 15.3 اوورز میں 44 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستانی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث بنگلہ دیش ٹیم کی 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں اور یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتی چلی گئیں۔ پاکستان کی طرف سے ثناء میر نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، ایمان انور نے دو جبکہ عالیہ ریاض، انعم آمین اور ندا ڈار نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں پاکستان کی ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف بآسانی 9.5 اوورز میں ایک کے نقصان پر حاصل کرلیا۔