خبرنامہ

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ، ایشیئن کرکٹ کونسل کا میچ کی مزید ٹکٹیں آن لائن فروخت کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد ۔ (ملت+اے پی پی) پاکستان اور بھارت کے مابین 19ستمبر کو دبئی میں شیڈول ایشیا کپ کے میچ پر پاک بھارت سمیت پوری دنیا کے شائقین کرکٹ کی نظریں لگی ہوئی ہیں اور شائقین کی بہت بڑی تعداد یا تو گراؤنڈ میں جاکر یا پھر ٹی وی پر دونوں روایتی حریفوں کے مابین ہونے والے میچ کو دیکھنے کیلئے بے تابی سے انتظار کررہی ہے جبکہ ایشیئن کرکٹ کونسل نے بھی اس میچ کیلئے شائقین کی دلچسپی کو بھانپ لیا ہے اور میچ کی مزید ٹکٹیں آن لائن فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ 2018ء میں پاکستان اور بھارت کا میچ 19 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے جس کی ویب سائٹ پر دستیاب ٹکٹیں چند گھنٹوں میں ہی فروخت ہوگئیں۔ ایونٹ کے ٹکٹوں کی قیمتیں پہلے کی طرح 20 سے 720 درہم کے درمیان ہوں گی۔ ایونٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ پاکستانی ٹیم کا پہلا میچ 16ستمبر کو کوالیفائر ٹیم سے ہوگا۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ء 15 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ 28 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس کو 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کا چیلنج درپیش ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک محدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی جبکہ ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے کوئی ایک ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرے گی۔ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور کوالیفائر ٹیم کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ 15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر فور مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔