اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ء 15 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔ گرین شرٹس کو 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کا چیلنج درپیش ہو گا۔ ایونٹ 15 سے 28 ستمبر تک محدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی جبکہ ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان ، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے کوئی ایک ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرے گی۔ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور کوالیفائر ٹیم کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ 15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر فور مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔