خبرنامہ

ایم سی سی مزید پاکستانی پلیئرز کی تربیت گاہ بنے گا

ایم سی سی مزید پاکستانی پلیئرز کی تربیت گاہ بنے گا

سڈنی:(ملت آن لائن) ایم سی سی مزید پاکستانی پلیئرز کی تربیت گاہ بنے گا جب کہ کرکٹ کمیٹی نے قدیم ترین کلب کو پاکستان اکیڈمی کیساتھ مل کر کام کرنے کا مشورہ دیدیا۔ ایم سی سی کی کرکٹ کمیٹی نے اپنے کلب کی جانب سے پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو تربیت فراہم کرنے کو سراہا، ساتھ ہی اسے مشورہ دیاکہ وہ مزید پلیئرز کی ڈیولپمنٹ کیلیے پاکستان کرکٹ اکیڈمی کیساتھ مل کر کام کرے۔

ایم سی سی کی جانب سے گذشتہ برس پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندر کے کھلاڑی یاسر جان کو بھی تربیت کا موقع فراہم کیا گیا، وہ دونوں ہاتھوں سے بولنگ کرتے ہیں، انھوں نے ایم سی سی ینگ کرکٹرز کیساتھ ٹریننگ کی اور لارڈز میں موجود ورلڈ کلاس سہولیات سے استفادہ کیا، انھیں کلب کی جانب سے کرکٹنگ اور ذاتی طور پر خود کو بہتر بنانے کیلیے مکمل معاونت فراہم کی گئی۔
ایم سی سی کرکٹ کمیٹی نے دیگرممالک میں کھیل کے فروغ کیلیے بھی اپنے کلب کی حوصلہ افزائی کی، اس سلسلے میں زمبابوے، نیپال اور جرمنی کو کھیل کے فروغ کیلیے اہم قرار دیا جارہا ہے، جہاں پر ایم سی سی کی جانب سے کی جانے والی محنت کے بہتر نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

ایم سی سی جلد ہی اپنی حکمت عملی کا جائزہ لینے کے ساتھ آئی سی سی کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر کھیل کے زیادہ سے زیادہ فروغ کیلیے راہیں تلاش کریگا۔ دورئہ زمبابوے کے حوالے سے ایم سی سی کی جانب سے دفتر خارجہ اور ای سی بی سے بطور خاص مشورہ حاصل کیا جائیگا۔