خبرنامہ

بابراعظم ایک ہی میچ میں لیجنڈ کرکٹر ویون رچرڈز کے ہم پلہ بن گئے

پرتھ:(ملت+اے پی پی) قومی کرکٹر بابر اعظم نے اپنے کیرئیر کے 21 ویں میچ میں 1000 رنز بنا کر لیجنڈ کرکٹر سر ویون رچرڈز کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ باز بلے باز بابر اعظم نے سابق ویسٹ انڈین کپتان اور مشہورزمانہ بلے باز ویون رچرڈز کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔ بابر اعظم نے تیز ترین 1000 رنز بنانے کا ویون رچرڈز کا ریکارڈ برابر کرکے اپنا نام پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں لکھوا لیا ہے، اس سے قبل پاکستان کی جانب سے تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا اعزاز اظہر علی کے پاس تھا جو انہوں نے 23 اننگز میں انجام دیا تھا۔ بابر اعظم نے ون ڈے میں تیزترین 1 ہزار رنز کا سنگ میل 21 ویں میچ میں عبور کیا، انہیں یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لئے 81 رنز درکار تھے تاہم بدقسمتی سے وہ گزشتہ میچ میں 34 بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے اور یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے میں ناکام رہے تھے تاہم آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں انہوں نے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ برابر کرلیا۔ اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور مشہور بلے باز ویون رچرڈز نے تیز ترین 1 ہزار رنز اپنے کیرئر کے 21 ویں میچ میں ہی بنائے تھے۔ اور اب بابر اعظم اس ریکارڈ کی فہرست میں ویوین رچرڈز، جوناتھن ٹروٹ، کیون پیٹرسن اورکوئنٹن ڈی کک جیسے عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کے ساتھ شامل ہوچکے ہیں۔