دبئی:(ملت+اے پی پی) آئی سی سی نے بدتمیز کرکٹرز کو سبق سکھانے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا، سرزنش اور جرمانے کے ساتھ اب پوائنٹس سسٹم بھی لاگو ہوگا،باربار قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کو معطل کردیا جائے گا۔ نئے کوڈ آف کنڈکٹ اور ڈی آر ایس کے بارے میں امپائرز کال میں تبدیلی کا جمعرات سے اطلاق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پلیئرز اور سپورٹنگ اسٹاف سے متعلق کوڈ آف کنڈکٹ اور ایل بی ڈبلیو سے متعلق ڈی آر ایس کے تحت امپائرز کال میں ردوبدل کا عالمی کرکٹ میں جمعرات سے نفاذ کردیا۔کوڈ آف کنڈکٹ کی فہرست میں کسی نئے جرم کا اضافہ یا سرزنش، جرمانے اور معطلی کی سزائوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، مگر جو کھلاڑی قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث رہتے ہیں ان کے لیے ایک خصوصی پوائنٹس سسٹم لاگو کیا گیا ہے۔ ہر بار جرم پر کچھ پوائنٹس پلیئر کے نام کے آگے جڑکر دو برس تک اس کے ساتھ رہیں گے،مخصوص تعداد تک پہنچنے کی صورت میں پلیئر کو اگلے مقابلے کیلیے معطل کردیا جائے گا، اس طریقہ کارکے نفاد کے ساتھ ہی تمام انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا کھاتہ زیرو سے اسٹارٹ ہوچکا ہے۔اسی طرح ڈی آر ایس کی نئی پلیئنگ کنڈیشنز کا بھی اطلاق کردیا گیا جو ایل بی ڈبلیو سے متعلق امپائرز کال کے حوالے سے ہیں۔ اس سلسلے میں تھرڈ امپائر کو فیلڈ آفیشل کا ناٹ آئوٹ قرار دیے جانے کا فیصلہ تبدیل کرنے کیلیے کچھ مزید ناپ تول کرنا پڑے گی، اب آئوٹ سائیڈ آف اور لیگ اسٹمپس کوکم از کم آدھی گیند چھوتی ہوئی دکھائی دینی چاہیے، اسی طرح بیلز یا اس سے نیچے بھی آدھی گیند کے ہٹ کرنے کے شواہد موجود ہونے چاہئیں، چونکہ بھارت ڈی آر ایس سسٹم کے خلاف ہے، اس لیے نیوزی لینڈ سے سیریز میں ٹیکنالوجی استعمال نہیں ہورہی، اس امپائرز کال کا اطلاق اتوار کوبینونی میں جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ون ڈے میچ سے ہوگا۔