بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ؛ پاکستان کا آج روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا
لاہور:(ملت آن لائن) بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کا عزم لیے پاکستانی ٹیم جمعے کو بھارت سے ٹکرائے گی جب کہ قومی پلیئرز فتوحات کی ہیٹ ٹرک کیلیے پُرعزم ہیں۔ بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی مکمل رونقیں پاکستان سے یو اے ای منتقل ہو گئی ہیں تاہم آج عالمی کپ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان اوول کرکٹ گراؤنڈ عجمان میں کھیلاجائے گا۔ گرین شرٹس نثار علی جب کہ بھارتی ٹیم اجے ریڈی کی کپتانی میں میدان میں اترے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اب تک 2، 2 میچز کھیل چکی ہیں۔گرین شرٹس نے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی، پاکستان نے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے میں9 وکٹوں سے زیر کیا تھا، دوسرے میچ میں بھی گرین شرٹس نے نیپال پر اتنی ہی وکٹوں سے غلبہ پایا تھا، بھارت کا آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ابتدائی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جب کہ دوسرے میچ میں بلیو شرٹس نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے زیر کیا تھا۔
آج ہی آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ایم سی سی گراؤنڈ پر مدمقابل ہوں گی۔ تمام ٹیموں کے 2،2 میچزمکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پرپاکستانی ٹیم سرفہرست ہے۔ پاکستان 2میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، بھارت 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے، سری لنکا اور بنگلہ دیش دونوں ٹیموں کے 3،3 پوائنٹس ہیں تاہم بہتر اوسط پر سری لنکا تیسرے اور بنگلہ دیش چوتھے نمبر پر ہے، آسڑیلیا ایک پوائنٹ کے ساتھ پانچویں اور نیپال کی ٹیم تاحال کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں آخری نمبر پر ہے۔
ادھر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ منیجنگ کمیٹی کے ہمراہ پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ میں شرکت کیلیے لاہور سے دبئی پہنچ چکے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ہم نے بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے باوجود بھارتی وزارت خارجہ نے قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو این او سی جاری نہیں کیا جس کی وجہ سے بھارت کے پاکستان میں ہونے والے میچز دبئی منتقل کردیے گئے ہیں۔
سید سلطان شاہ نے کہا کہ ورلڈ کپ کے فائنل میں اگر سری لنکن کرکٹ ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرلیتی ہے تو فائنل 21جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا، اگر بھارتی ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ جاتی ہے تو اس صورت میں فائنل 19 جنوری کو عجمان میں کھیلا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، آئندہ میچوں میں ان سے عمدہ کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں کہ اس دفعہ ٹائٹل پاکستان ہی جیتے گا۔ دوسری جانب نیپال کی ٹیم پانچویں عالمی ایک روزہ بلائنڈ کرکٹ کپ میں باقی میچوں میں شرکت کیلیے لاہور سے دبئی روانہ ہوگئی۔ روانگی سے قبل نیپال بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین میجر پون گیمرے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میچز کھیلنے سے خوب لطف آیا، یہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں۔ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آنا چاہیے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بہترین انتظامات کیے ہیں اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے جس پر ہم مطمئن ہیں ،آئندہ بھی ہم پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں میجر پون گیمرے کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے 2 میچوں میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن آئندہ میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے جیتنے کی کوشش کریں گے۔