خبرنامہ

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ؛ پاکستان کا فاتحانہ آغاز، بنگلادیش کو زیر کر لیا

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ؛ پاکستان کا فاتحانہ آغاز، بنگلادیش کو زیر کر لیا

لاہور:(ملت آن لائن) پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 9 وکٹ سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کر دیا تاہم گرین شرٹس نے 208 رنز کا ہدف17 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر عبور کرلیا۔

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا گزشتہ روز آغاز ہوگیا، قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، مہمان ٹیم نے مقررہ 40 اوورز میں6 وکٹ پر207 رنز بنائے، عارف اللہ نے51 رنز بنائے، محمود رشید 33 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، تنزیل الرحمان 32، حسین رضوی 15، عاشق الرحمان 5 اور عبدالملک ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے بدر منیر نے7 اوورز میں 32 رنز کے عوض 3 شکار کیے، ساجد نواز اور مطیع اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں گرین شرٹس نے بدرمنیر کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 17 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف عبور کرلیا، اوپنر نے بیٹنگ میں اپنی فارم برقرار رکھی اور 70 گیندوں پر 24 چوکوں کی مدد سے145 رنز پر ناقابل شکست رہے، عامر اشفاق 46 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہوئے، محسن خان 2 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر بدر منیر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

علاوہ ازیں یو اے ای میں آسٹریلیا اور بھارت کے مابین کھیلا جانے والا ایونٹ کا دوسرا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا، عجمان اوول کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور3.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر26 رنز بنائے تھے کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، بارش تھم جانے کے بعد آئوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے مقابلہ دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور میچ بے نتیجہ قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیٹس 12 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، پرچرڈ 6 اور نیرو 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، بھارت کی جانب سے رمبیر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ آج آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں عجمان میں مدمقابل ہوں گی جبکہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں نیپال کے خلاف اپنا دوسرا میچ کھیلے گی۔

دوسری جانب نیپالی ٹیم کے آل رائونڈر درگا نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ کے لیے بھرپور تیاری کی ہے، میگا ایونٹ میں جیت کا جذبہ لے کر آئے ہیں، خواہش ہے کہ ورلڈ کپ جیت کر وطن واپس جائیں۔ انھوں نے پاکستان اور بھارت کو میگا ایونٹ کی فیورٹ ٹیمیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بھارت کی ٹیم فائنل میں پہنچتی ہے تو اسے کھیل کے وسیع تر مفاد میں قذافی اسٹیڈیم میں آکر فائنل کھیلنا چاہیے۔