خبرنامہ

بنگلہ دیش نے کالی آندھی کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 19 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی

لاڈرہل۔(ملت آن لائن) لٹن داس کی شاندار بلے بازی، مستفیض الرحمان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 19 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 184 رنز بنائے، لٹن داس نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، محمود اللہ نے ناقابل شکست 32 اور شکیب الحسن 24 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، بارش کے باعث میچ کچھ تاخیر کا شکار ہوا تاہم بعد میں میزبان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 17.1 اوورز میں 155 رنز کا ہدف ملا، جواب میں کالی آندھی کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 17.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا سکی، آندرے رسل 47 اور روومان پاویل 23 رنز بنا کر نمایاں رہے، یوں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 19 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ بنگلہ دیش کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستفیض الرحمان نے 3 اور شکیب الحسن، روبل حسین، ابو حیدر اور سومایا سرکار نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لٹن داس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔