بھارتی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں سیریز میں پہلی مرتبہ کامیابی دلانے والے سابق کپتان اجیت واڈیمکر 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
خبرایجنسی کے مطابق اجیت واڈیکر ممبئی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے اور طویل علالت کے بعد چل بسے۔
اجیت واڈیکر نے بحیثیت کپتان 1971 میں انگلینڈ اورویسٹ انڈیز کےدورے میں بھارت کو سیریز میں پہلی مرتبہ کامیابی دلائی تھی۔انھوں نے 37 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 14 نصف سنچریوں اور ایک سنچری کی مدد سے 2 ہزار 113 رنز بنائے۔اجیت واڈیکر نے 1974 میں انگلینڈ کے خلاف 2 ون ڈے میچ بھی کھیلے۔
بھارت میں سابق کپتان کے انتقال کی خبر ملتے ہیں سوشل میڈیا میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت کرکٹ شائقین کی جانب سے انھیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
نریندر مودی نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں اجیت واڈیکر کو ‘ایک عظیم بلے باز اور زبردست کپتان’ قرار دے دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘انھوں نے ہماری ٹیم کی قیادت کی اور ہماری کرکٹ کی تاریخ میں چند یادگار فتوحات دلائیں’۔
بھارتی وزیراعظم نے افسوس اظہار کرتےہوئے مزید کہا کہ ‘وہ کرکٹ کے ایک موثر منتظم بھی تھے’۔
اجیت واڈیکر کو ایک روزہ کرکٹ میں بھارت کے اولین کپتان ہونے کا بھی اعزاز حاصل تھا بعد ازاں 1990 کی دہائی میں سابق کپتان اظہرالدین کی کپتانی کے دور میں انھوں نے ٹیم کے منیجر کے طور پر بھی کام کیا۔
بھارت کے سابق کپتان نے 237 فرسٹ کلاس میچوں میں 84 نصف سنچریوں اور 36 سنچریوں کی بدولت 15 ہزار 380 رنز بنائے اور 21 وکٹیں بھی حاصل کیں۔