خبرنامہ

بھارت انگلینڈ دوسرا ٹیسٹ، بھارت بلے بازوں کو شاندار آغاز، 4وکٹوں کے نقصان پر 317رنز بنا لئے

وشاکا پٹنم (ملت + آئی این پی) بھارت نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویرات کوہلی اور چتیشور پجارا کی سنچریوں کی بدولت پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر317رنز بنا لیے ہیں۔بھارت کی جانب سے مرلی وجے 20،چتیشور پجارا119،ریہانے 23اور راہول بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ ویرات کوہلی151اور ایشون ایک رن بنا کر ناقابل شکست ہیں،انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے3اور سٹورٹ براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔وشاکا پٹنم میں کھیلے جا رہے پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔میچ کیلئے ہندوستان نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیا کرتے ہوئے گوتم گمبھیر اور امیت مشرا کی جگہ اوپنر لوکیش راہل کو فائنل الیون کا حصہ بنانے کے ساتھ ساتھ جاینت یادو کو ڈیبیو کرایا جبکہ انگلینڈ نے کرس ووکس کی جگہ تجربہ کار جیمز اینڈرسن کو کھلایا۔ہندوستانی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور 22 کے مجموعے تک دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے تھے، راہل صفر اور مرلی وجے 20 رنز بنانے کے بعد آٹ ہوئے۔تاہم اس کے بعد ویرات کوہلی اور پجارا وکٹ پر یکجا ہوئے اور عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش بالرز کا امتحان لینا شروع کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے ابتدائی نقصان کا ازالہ کیا اور کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔اس دوران پجارا اس وقت خوش قسمت رہے جب انگلش کھلاڑیوں کی غلطی کی وجہ سے وہ رن آوٹ ہونے سے بال بال بچے جبکہ کھانے کے وقفے کے بعد 56 رنز پر کھیلنے والے ویرات کوہلی کا کیچ ڈراپ کر کے انگلش ٹیم نے انہیں بھی نئی زندگی فراہم کی۔دونوں کھلاڑیوں نے ان مواقعوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور بہترین شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ سنچری بھی مکمل کی۔اس 226 رنز کی شراکت کا خاتمہ جیمز اینڈرسن نے پجارا کو آٹ کر کے کیا جو 119 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد جونی بیئراسٹو کو کیچ دے بیٹھے۔دوسرے اینڈ پر موجود کوہلی بہترین فارم میں نظر آئے اور نئے بلے باز اجنکیا راہانے کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے مزید 68 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کے 300 رنز مکمل کرائے۔دن کے اختتام سے چند لمحے قبل جیمز اینڈرسن نے تجربے کو برائے کار لاتے ہوئے انگلینڈ کو ایک اور کامیابی دلائی اور 23 رنز بنانے والے راہانے کو میدان بدر کردیا۔جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو ہندوستان نے چار وکٹ کے نقصان پر 317 رنز بنائے تھے، ویرات کوہلی 151 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن تین وکٹیں لے کر اب تک سب سے کامیاب بالر ہیں۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راج کوٹ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوا تھا۔