خبرنامہ

بھارت کا پاکستان سے کھیلنے سے انکار

دبئی (ملت + آئی این پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمن چیمپیئن شپ میں بھارتی ویمن ٹیم کی جانب سے پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار پر آئی سی سی کی ٹیکنیکل ٹیم نے پاکستانی ٹیم کے حق میں فیصلہ دے دیا۔واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کی ویمن کرکٹ ٹیم کے درمیان یکم اگست سے 31 اکتوبر 2016 کے دوران 3 میچز ہونے تھے، تاہم بھارت نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کردیا تھا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے درخواست کی گئی کہ ان میچز کے پوائنٹس پاکستان کو دیئے جانے چاہئیں۔آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے تحریری گزارشات پر غور کے بعد آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے فیصلہ دیا کہ چونکہ ہندوستان کی ویمن ٹیم نے آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کردیا لہذا راؤنڈ 6 کے تینوں میچوں کے پوائنٹس پاکستان کو دیئے جانے چاہئیں۔ٹیکنیکل کمیٹی کے فیصلے کے مطابق پاکستان کو ہر میچ کے لیے 2 پوائنٹس دیئے جائیں گے، اس طرح پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم کو 3 میچوں کے 6 پوائنٹس مل گئے۔اگرچہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے حوالے سے آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی محتاط تھی، تاہم اس نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ انڈین کرکٹ بورڈ نے سیریز میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے ‘قابل قبول’ وجوہات بیان نہیں کیں۔ٹیکنیکل کمیٹی میں آئی سی سی کے جنرل مینیجر کرکٹ گوف الارڈس، آئی سی سی گلوبل ڈیولپمنٹ کے قائمقام سربراہ اینڈی ہوبز اور چیف آپریٹنگ آفیسر اینڈ جنرل کونسل آئین ہگنگز شامل تھے۔تاہم اس فیصلے سے آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، جہاں ہندوستان کی پانچویں اور پاکستان کی ساتویں پوزیشن ہے۔واضح رہے کہ 26 جون 2017 سے 23 جولائی 2017 کے درمیان انگلینڈ میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پہلے ہی منتخب ہوچکی ہیں۔جبکہ ہندوستان، جنوبی افریقہ، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، آئرلینڈ، زمبابوے، اسکاٹ لینڈ اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں 7 سے 21 فروری 2017 تک ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں حصہ لیں گی، جس کے بعد 4 سرفہرست ٹیمیں ویمن ورلڈ کپ کا حصہ بن سکیں گی۔، آئی سی سی کا پاکستان ویمن ٹیم کے حق میں فیصلہ