خبرنامہ

بین الصوبائی گیمز کا رنگا رنگ تقریب میں آغاز

بین الصوبائی گیمز کا رنگا رنگ تقریب میں آغاز
اسلام آباد:(ملت آن لائن) دوسرے قائداعظم بین الصوبائی گیمز کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں آغاز ہو گیا۔

ملک کی سب سے بڑی دوسری قائداعظم بین الصوبائی گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی، سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے گیمز کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان آرٹس کونسل کے فنکاروں نے چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کے علاقائی رقص پیش کیے جبکہ ملک کے معروف گلوکار ملکو اور صنم ماروی نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ ہم نے وفاق کی تمام اکائیاں ملا دیں ہیں، کھیلوں میں لڑکوں کیساتھ خواتین کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے، ہم دہشت گردی کی دلدل سے نکل رہے ہیں، حکومت نے تنقید کے باوجود بلوچستان میں کھیلوں کا کامیاب انعقاد کیا، ہم ایک نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں، کھیلوں کے ذریعے امن کو فروغ ملتا ہے، ہم تیزی کے ساتھ ترقی کر رہے ہیں اورکھیلوں کے تمام میدان آباد کرنے کی کو شش کررہے ہیں، سب اکھٹے ہوکر اتحاد کا پیغام دے رہے ہیں، تمام صوبوں کو ایک جگہ اکھٹا کردیا ہے اس سے صوبوں میں یکجہتی پیدا ہوتی ہے۔

راجہ ظفر الحق نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ بڑا موقع ہے، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، اب دوبارہ وقت واپس آ گیا اور ہمارے میدان آباد ہو رہے ہیں ، یوم قائد پر قائداعظم بین الصوبائی گیمز تحفہ ہیں، وہ وقت واپس آرہا ہے ہمارے کھلاڑی ملک کا نام روشن کررہے ہیں، بین الصوبائی گیمز کے ذریعے تمام صوبوں کو ایک جگہ اکھٹا کردیا جس سے صوبوں میں یکجہتی پیدا ہوگی، یہ ایک تاریخی موقع ہے۔

اس موقع پر ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز، کرنل جنید عالم، ڈاکٹر وقار احمد، محمد اعظم ڈار، آغا امجد اور نوجوان کھلاڑی بھی موجود تھے۔ پہلے روز اسکواش ایونٹ میں ذیشان زیب، قمر اسلام، ذین رحمان، سمیع اللہ، عادل فقیر اور حمزہ امتیاز نے کامیابیاں حاصل کرلیں۔

خیبر پختونخوا کے ذیشان زیب نے سندھ کے رفیع خان کو 11-4، 11-3 اور 11-8سے مات دی، سندھ کے قمر اسلام نے گلگت بلتستان کے رفیع گل کو 11-7، 2-11اور 11-8سے ہرایا، پنجاب کے ذین رحمان نے تمثق علی کو11-2،11-1 اور 11-2سے شکست دی، فاٹا کے سمیع اللہ نے اسلام آبادکے عمر گل کو 11-9، 11-7 اور 11-7سے زیر کیا، جی بی کے عادل فقیر نے بلوچستان کے عظمت یار کو 11-8، 9-11 اور 11-9سے قابو کیا۔

اسلام آباد کے حمزہ امتیاز نے فاٹا کے نظامت اللہ کے خلاف 2-1 سے کامیابی سمیٹتے ہوئے اگلے راؤنڈ کیلیے کوالیفائی کرلیا۔ ویمن مقابلوں میں طیبہ عباس، کبرا نے فتوحات سمیٹیں جبکہ حلیمہ اور بشریٰ کو واک اوور ملا، پی بی کی طیبہ عباس نے بلوچستان کی ظہرا کو 11-6،11-5 اور 11-4سے زیر کیا۔

بلوچستان کی کبرا نے فاٹا کی زاوا کلثوم کو 11-8، 11-1 اور11-1 سے ہرایا، جی بی کی حلیمہ کو اپنے ہی ریجن کی فہمیدہ جبکہ اسلام آباد کی بشریٰ کو فاٹا کی سویرا کے خلاف واک اوور ملے۔ مینز نیٹ بال مقابلوں میں بلوچستان، پنجاب اورخیبرپختونخوا جبکہ ویمنز ایونٹ میں پنجاب اور سندھ نے میچزجیت لیے، مینز ایونٹ میں آزاد جموں وکشمیر جبکہ خواتین کے مقابلوں میں فاٹا کی ٹیمیں حصہ نہیں لے رہیں۔

حمیدی ہال میں کھیلے گئے ویمنز مقابلوں میں سندھ نے اسلام آبادکو 15-4 سے ہرایا، پنجاب نے گلگت بلتستان کو 34-2 سے آؤٹ کلاس کیا، مردوں کے مقابلوں میں بلوچستان نے فاٹا کے خلاف 20-11 سے کامیابی سمیٹی، پنجاب نے یکطرفہ مقابلے کے بعد گلگت بلتستان کو 22-9 سے ہرادیا۔

خیبرپختونخوا نے اسلام آباد کو 20-10 سے شکست دی، منگل کو ویمنز ایونٹ میں سندھ کا مقابلہ بلوچستان سے ہوگا، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، اسلام آباد اور بلوچستان میں جوڑ پڑے گا جبکہ پنجاب کا مقابلہ خیبرپختونخوا سے شیڈول ہے۔

مردوں کے مقابلوں میں پنجاب اور خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد، سندھ اور بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان جبکہ پنجاب اور اسلام آباد کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ واضح رہے کہ قائد اعظم گیمز میں میزبان اسلام آباد کے علاوہ کے پی کے، پنجاب، سندھ، بلوچستان ، آزاد کشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 4 ہزار کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔