بیٹنگ کے دوران شعیب ملک کے سر پر گیند لگ گئی
لاہور:(ملت آن لائن) بیٹنگ کے دوران شعیب ملک کے سر پر گیند لگ گئی، آل راﺅنڈر فیلڈنگ کیلیے بھی میدان میں نہ آ سکے، پانچویں ون ڈے میں شرکت مشکوک ہو گئی۔
ہملٹن میں چوتھے ون ڈے میچ کے دوران مچل سینٹنر کی گیند پر رن لینے کی کوشش کی تاہم محمد حفیظ نے انہیں واپس کریز میں جانے کا اشارہ کیا، اس دوران کولن منرو نے گیند وکٹ کیپر کی جانب پھینکی جو سیدھا شعیب کے سر کے پچھلی جانب لگی، وہ اسپنرز کی بولنگ کے باعث بغیر ہیلمٹ کے بیٹنگ کر رہے تھے۔ تھرو اتنی تیز تھی کہ گیند آل راﺅنڈر کے سر سے ٹکرانے کے بعد باؤنڈری پار کر گئی، شعیب ملک درد کی شدت سے زمین پر گر گئے، میدان میں ہی طبی امداد کے بعد انہوں نے بیٹنگ جاری رکھی تاہم 6 رنز پر پویلین لوٹ گئے اور فیلڈنگ کیلیے میدان میں نہیں آئے۔
قومی ٹیم کے فزیو وی پی سنگھ کے مطابق آل راﺅنڈر ٹھیک ہیں اور آرام کر رہے ہیں، طبی عملے کے مشورے پر انہیں میدان میں نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انجری کے سبب شعیب ملک کی پانچویں ون ڈے میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے۔