خبرنامہ

تلکارتنے دلشان کا ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

آسٹریلیا کے خلاف تیسرا ون ڈے اور 9 ستمبر کو ٹی ٹونٹی میچ ان کے کیریئر کا آخری میچ ہو گا
کولمبو ۔ 25 اگست (اے پی پی) سری لنکن ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز تلکارتنے دلشان نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ اور آئندہ ماہ کینگروز کے خلاف 9 ستمبر کو شیڈول ٹی ٹونٹی میرے کیریئر کا آخری میچ ہو گا۔ سری لنکن سلیکٹرز کی جانب سے زبردست دباؤ کے بعد دلشان نے فیصلہ کیا ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ دلشان سے قبل سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دلشان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ گزشتہ چند سالوں سے دلشان کی کارکردگی شاندار رہی ہے اور سال 2015ء ان کا کامیاب ترین سال رہا ہے جس میں انہوں نے ون ڈے میچز میں 1207 رنز بنائے تھے، کپتان اینجلومیتھیوز اور سلیکٹرز 2019ء ورلڈ کپ کیلئے ٹیم تیار کرنا چاہتے ہیں اسی لئے دلشان پر ریٹائرمنٹ کیلئے دباؤ بڑھایا گیا۔ دلشان کو 17 سالہ کیریئر کے دوران 87 ٹیسٹ، 329 ون ڈے اور 78 ٹی ٹونٹی میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 5492 رنز بنائے جس میں ان کی 16 سنچریاں اور 23 نصف سنچریاں شامل ہیں، انہوں نے 39 وکٹیں بھی لیں، ون ڈے میں انہوں نے 10248 رنز بنائے جس میں ان کی 22 سنچریاں اور 47 نصف سنچریاں شامل ہیں، انہوں نے 106 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا، ٹی ٹونٹی میں انہوں نے 1884 رنز بنائے جس میں ان کی ایک سنچری اور 13 نصف سنچریاں شامل ہیں۔