خبرنامہ

تمام توجہ آئندہ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کی تیاری پرہے، مکی آرتھر

لاہور (ملت + آئی این پی) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں اور تمام تر توجہ آئندہ ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کی تشکیل پر مرکوز ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد ایک اچھا تجربہ تھا، ٹورنامنٹ کے ذریعے کھلاڑیوں کی پرفارمنس جانچنے کا موقع ملا اور جن نوجوان کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کے دوران متاثر کیا انہیں ٹریننگ کیمپ میں شامل کیا۔ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں اور کھلاریوں کی فٹنس اولین ترجیح ہے لیکن آگے آنے کے لئے ضروری ہے کہ کھلاڑی ڈومیسٹک لیول پر اچھا پرفارم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ ٹیم کی سلیکشن کے حوالے سے تفصیلی بات ہوئی ہے، ہماری تمام تر توجہ آئندہ ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کی تشکیل پر مرکوز ہے، ورلڈکپ کے لئے مضبوط ٹیم تشکیل دیں گے جس میں نوجوان کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔