خبرنامہ

جاپان نے 2020ء اولمپکس گیمزکی میزبانی کیلئے کوئی رشوت نہیں دی

ٹوکیو :(اے پی پی) جاپان نے 2020ء میں شیڈول ٹوکیو اولمپکس گیمز کی میزبانی کے حصول کیلئے کسی بھی طرح کی رشوت کی ادائیگی نہیں کی۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق جاپان کے تفتیش کار ٹوکیو اولمپکس گیمز کی میزبانی کے سلسلے میں کامیاب بڈ پر کرپشن کی تحقیقات کر رہے تھے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ہمیں میزبانی کے حصول کیلئے رشوت کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔ جاپانی حکام سنگاپور کی کنسلٹنسی فرم کو 2.8 ملین کی ادائیگی سے متعلق بھی کسی غلط کام میں ملوث نہیں پائے گئے، اس پیمنٹ کا تعلق سابق ورلڈ ایتھلیٹکس چیف لیام ڈائیک کے بیٹے سے تھا جو اس وقت انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے رکن تھے۔ واضح رہے کہ لیام ڈائیک اور ان کے بیٹے کے خلاف پہلے ہی فرانس میں کرپشن کے حوالے سے تحقیقات ہو رہی ہیں اور دونوں اس بات پر بضد ہیں کہ جاپان کو میزبانی دینے کے حوالے سے انہوں نے کوئی رقم وصول نہیں کی۔