خبرنامہ

جونیئر ورلڈکپ؛ پاکستانی تیاریاں جانچنے کا وقت آگیا

جونیئر ورلڈکپ؛ پاکستانی تیاریاں جانچنے کا وقت آگیا

لاہور:(ملت آن لائن) آئی سی سی جونیئر ورلڈکپ کی پاکستانی تیاریاں جانچنے کا وقت آگیا تاہم میزبان کینگروز کیخلاف ون ڈے سیریز کا پہلا مقابلہ بدھ کو ہوگا۔

کوالالمپور میں کھیلے جانے والے جونیئر ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم نے گرتے پڑتے بارش کی مہربانی سے فائنل میں جگہ بنائی لیکن لیگ میچ میں شکست دینے والی افغان ٹیم نے ایک بار پھر آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمالیا۔

پی سی بی نے جونیئر ورلڈ کپ کیلیے 15رکنی اسکواڈ میں 5تبدیلیاں کرتے ہوئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بھرپور ٹریننگ کیساتھ پریکٹس میچز بھی کرائے، نیوزی لینڈ میں میگاایونٹ کا آغاز 13 جنوری سے ہونا ہے، اس سے قبل گرین شرٹس آسٹریلیا میں 3 میچز کی سیریز کھیلنے کیلیے میلبورن پہنچ چکے ہیں تاہم پہلا مقابلہ بدھ، دوسرا جمعے اور تیسرا اتوار کو ہوگا۔

حسان خان(کپتان)، روحیل نذیر(نائب کپتان) جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد محسن خان، عمران شاہ، زید عالم، محمد طحٰہ، عماد عالم، علی زریاب، سعد خان، موسیٰ خان، شاہین شاہ آفریدی، منیر ریاض، ارشد اقبال، محمد علی اور سلیمان شفقت شامل ہیں۔

گرین شرٹس کی پیس بیٹری کو تو بہتر خیال کیا جارہا ہے لیکن مختلف کنڈیشنز میں اہم بیٹسمینوں روحیل نذیر،علی زریاب اور اور ایشیا کپ میں اچھی فارم کا مظاہرہ کرنے والے محمد طحٰہ کی کارکردگی پر خاص طور پر نظریں ہونگی۔

دوسری جانب میزبان جونیئر کینگروز اپنی ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے ہی میچ میں گرین شرٹس کو دباؤ میں لانے کیلیے بیتاب ہیں۔