خبرنامہ

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ ،قومی ہاکی ٹیم بھارت بھیجنے کا فیصلہ نہ ہوسکا

لاہور (ملت + آئی این پی) جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کا میلہ آئندہ ماہ بھارت میں سج رہا ہے ۔ حکومت سوچ بچار میں ہے کہ ٹیم ہمسایہ دیس بھیجی جائے یا نہیں مگر کھلاڑیوں کی رائے ہے کہ جیت بہترین بدلہ ہے جو مزہ روایتی حریف کو بھارت میں ہرانے کا ہے وہ کہیں بھی نہیں ۔ حکومت بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں جونیئر ہاکی ٹیم بھیجنے پر ہاں کرے گی یا ناں ، اس سوچ سے بالاتر ہو کر ہاکی کھلاڑیوں نے ٹریننگ شروع کر دی ہے ۔ ہیڈ کوچ طاہر زمان کی رائے ہے کہ حکومت کا جواب سر آنکھوں پر مگر بہترین حکمت عملی جیت ہوتی ہے ۔ جونیئر ہاکی کھلاڑیوں کوبھی حکومت کے جواب کا انتظار ہے مگر ایونٹ بھی ورلڈکپ کا ہے جہاں کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے ۔ دوسری طرف کپتان عماد بٹ بھی چاہتے ہیں کہ حکومت انہیں روایتی حریف کو انہی کے دیس ہرانے کا موقع دے ۔ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ آٹھ سے اٹھارہ دسمبر تک بھارتی شہر لکھنؤ میں شیڈول ہے جس کے لئے فیڈریشن نے ویزہ لینے کاعمل شروع کردیا ہے ۔