لندن: (ملت+اے پی پی) انگلش ٹیم کے ہیڈکوچ ٹریور بیلس نے کہا ہے کہ فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن مزید تین سے چار برس تک کھیل سکتے ہیں۔ 36 سالہ اینڈرسن نے بھارت کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں 9 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، اسی ٹیسٹ کے دوران انہوں نے لارڈز گراؤنڈ پر وکٹوں کی سنچری مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کی تھی، اس کے علاوہ انہوں نے 550 وکٹوں کے ہندسے کو بھی عبور کیا تھا۔ اپنے ایک بیان میں انگلش کوچ نے کہا کہ بڑھتی ہوئی عمر کے باوجود اینڈرسن نے اپنی کارکردگی سے ثابت کر دیا کہ وہ دنیا کے بہترین باؤلر ہیں اور میرے خیال میں اگر وہ فٹنس برقرار رکھیں تو 40 برس تک کھیل جاری رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اینڈرسن کی بھارت کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں کارکردگی قابل ستائش ہے، امید ہے کہ وہ سیریز کے بقیہ میچز میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔