دورئہ نیوزی لینڈ؛ تلخ وشیریں یادیں لیے قومی ٹیم کی آج واپسی
لاہور:(ملت آن لائن) دورئہ نیوزی لینڈ کی تلخ وشیریں یادیں لیے قومی ٹیم کی آج وطن واپسی ہوگی۔
چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستان ٹیم بلند عزائم کے ساتھ نیوزی لینڈ پہنچی تھی، مگر وہاں عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہی اور ون ڈے سیریزمیں مسلسل 5شکستوں کا سامنا کرنا پڑا،بیٹنگ تو دفاعی خول میں جانے کے بعد باہر ہی نہ نکل پائی، دوسری جانب بولرز بھی کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں بھی ایک روزہ مقابلوں کی کارکردگی دہرائی گئی تو شائقین مایوسی کا شکار ہو گئے،اگلے دونوں میچز میں گرین شرٹس قطعی مختلف روپ میں نظر آئے، بیٹنگ چلی اور بولنگ نے بھی اہداف کا کامیابی سے دفاع کیا۔ سیریز کی جیت نے پاکستان کو عالمی رینکنگ میں نمبر ون بھی بنا دیا، اب دورئہ نیوزی لینڈ کی تلخ اور شیریں یادیں لیے قومی ٹیم ٹکڑوں میں وطن واپس پہنچ رہی ہے، آج صبح پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 6 بجے تمام کھلاڑی دبئی ایئرپورٹ پہنچیں گے، جس کے بعد اسلام آباد اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے فخرزمان، شاداب خان، عمرامین اور محمد نواز پونے 2 گھنٹے جبکہ کراچی کے پلیئرز کپتان سرفراز احمد،رومان رئیس 2 گھنٹے بعد کی پرواز سے روانہ ہوجائیں گے۔ لاہور کے کرکٹرز کو اگلی دستیاب فلائٹ کیلیے طویل انتظار کرنا پڑے گا، پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے روانہ ہونے والی فلائٹ رات ساڑھے 9 بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گی جب کہ لاہور اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں میں محمد حفیظ،محمد عامر، بابر اعظم،احمد شہزاد،حسن علی، فہیم اشرف،حارث سہیل اور عامر یامین شامل ہیں۔