خبرنامہ

دورۂ ورلڈ الیون سے ہاکی کی بحالی میں مدد ملے گی، شہباز سینئر

دورۂ ورلڈ الیون سے ہاکی کی بحالی میں مدد ملے گی، شہباز سینئر

کراچی:(ملت آن لائن) پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئن شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ عالمی الیون کے کامیاب دورے سے پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی میں مدد ملے گی جب کہ کراچی اور لاہور میں شیڈول میچز کو شایان شان انداز میں منعقد کرایا جائے گا۔ قومی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز سینئر نے کہا کہ اگلے برس پاکستان ہاکی ٹیم کی عالمی رینکنگ کو بہتر بنانے کا ہدف بنایا ہے، اللہ نے چاہا تو پاکستان انٹرنیشنل ہاکی میں نمایاں مقام پانے میں کامیاب ہوجائیگا تاہم خواہش ہے کہ قومی ٹیم جکارتہ میں ہونے والے ایشین گیمز کا فائنل کھیلے، انھوں نے بتایا کہ نئے شیڈول کے مطابق شہرت یافتہ کھلاڑیوں پر مشتمل عالمی الیون 18جنوری کو کراچی پہنچ رہی ہے جب کہ اگلے روز عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم کی بلو ٹرف پر مہمان ٹیم اپنا پہلا میچ کھیلے گی اور ایک روز آرام کے بعد لاہور میں دوسرے میچ میں ایکشن میں نظر آئے گی۔ شہباز احمد سینئر نے کہا کہ کراچی میں میچ کے منظم انداز میں انعقاد کے لیے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے، ورلڈ الیون کے میچ کے لیے عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کا کام جاری ہے جب کہ دورۂ کراچی کے دوران جمعہ کو مختلف اسٹیک ہولڈرز سے ہونے والی ملاقاتیں تسلی بخش رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میچ کے موقع پر سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات میں بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سیکریٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ اس میچ کو بہترین انداز میں منعقد کرایا جائیگا، جبکہ اس موقع پر سابق معروف قومی کھلاڑیوں کو خصوصی ایوارڈز سے بھی نوازا جائے گا، مزید برآں ہال آف فیم میں شامل پانچ معروف غیرملکی کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا جائیگا۔ بعدازاں رنگا رنگ تقریب کا نعقاد ہوگا جس میں میوزیکل کنسرٹ بھی شامل ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ میں مانتا ہوں کہ اس وقت پاکستان ہاکی ٹیم کی پرفارمنس اچھی نہیں ہے ، ہماری ٹیم تشکیل کے مراحل سے گزر رہی ہے اور اگلے سال سے وہ اچھے نتائج پیش کرنے کی پوزیشن میں آجائے گی اور پاکستان کی عالمی رینکنگ بھی بہتر ہوجائے گی۔