خبرنامہ

زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی 257رنز سے شکست،سری لنکا کا سیر یز میں کلین سوئپ مکمل

ہرارے (ملت + آئی این پی) لنکن باؤلر رنگنا ہیراتھ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سری لنکا نے زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں باآسانی 257 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ کے پہلے دن سے سری لنکا کا پلہ بھاری رہا جہاں دھننجیا ڈی سلوا اور اسیلا گونا رتنے کی سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 504 رنز بنائے جس کے جواب میں زمبابوین ٹیم 272 رنز ہی بنا سکی۔تاہم سری لنکا نے فالو آن کرانے کے بجائے خو بیٹنگ کو ترجیح دی اور 258 رنز بنا کر زمبابوے کو فتح کیلئے 491 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا جس کا حصول ان کیلئے ناممکن ثابت ہوا۔میچ کے پانچویں دن مشکلات سے دوچار میزبان ٹیم نے 180 رنز سات کھلاڑی سے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو سری لنکا کو فتح کیلئے محض تین وکٹیں درکار تھیں۔پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے مہمان کپتان رنگنا ہیراتھ نے دوسری اننگز میں مزید تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور آٹھ وکٹیں لے کر 233 رنز پر پوری زمبابوین ٹیم کو ٹھکانے لگا دیا۔سری لنکا نے 277 رنز سے کامیابی کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ سیریز میں بھی 2۔0 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔رنگنا ہیراتھ کو میچ میں 13 وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ دمتھ کرونارتنے کو مین آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔