خبرنامہ

سابق فاسٹ باؤلر محمد زاہد کا مستحق کھلاڑی کو موقع دینے کا مشورہ

لاہور (ملت + آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد زاہد نے قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل پر مزید وقت ضائع کرنے کی بجائے کسی اورمستحق کھلاڑی کو موقع دینے کا مشورہ دیا ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں محمد زاہد کا کہنا تھا کہ اب یہ واضح ہوچکا ہے کہ عمراکمل ایسا کھلاڑی نہیں جس کا ہم متبادل نہ لا سکیں،وہ کوئی اہم کھلاڑی نہیں بلکہ کئی برسوں سے ٹیم میں ہیں اس لیے ہمیں اس کے متبادل کے طور پر ضرور غور کرنا ہوگا،وہ حال ہی میں فٹنس اور اس سے قبل ڈسپلن مسائل کے باعث ٹیم سے باہر ہوئے تھے اور ایسی کوئی امید نظر نہیں آرہی کہ ان کے رویے میں کسی صورت بہتری ہوسکتی ہے تو پھر ہم وقت کیوں ضائع کررہے ہیں،ان کا عمومی رویہ بھی اس طرح کا نہیں ہے جس کی پاکستان کو ضرورت ہے۔ کھلاڑی کو اس کی ذمہ داری دے دینی چاہیے،حقیقت یہ کہ اگر کسی کو بھی کئی مواقع دیے جائیں تو عمر اکمل کا مقابلہ کرسکتا ہے اس لیے مجھے کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ کیوں ہم اس پر انحصار کررہے ہیں۔خیال رہے کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو گزشتہ سال ڈسپلن مسائل کے باعث ٹیم سے باہر کیا گیا تھا تاہم عمراکمل کو دورہ آسٹریلیا کے لیے ون ڈے سکوا ڈ میں شامل کیا گیا تھاتاہم احمد شہزاد بدستور ٹیم سے باہر تھے۔