کارڈف:(اے پی پی) پاکستان نے پانچویں اور آخری ون ڈے میں انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی تاہم سیریز میزبان ٹیم نے 1-4 سے اپنے نام کرلی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے کارڈف کے صوفیا پارک میں کھیلا گیا جہاں میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے جس کے جواب میں گرین شرٹس نے سرفراز احمد اور شعیب ملک کی شاندار شراکت کے باعث ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ قومی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو اسے پہلا خسارہ شرجیل خان کی صورت میں ہوا جو 22 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے جس کے بعد کپتان اظہرعلی اور بابراعظم نے دوسری وکٹ پر 54 رنز جوڑے اور ٹیم کا اسکور 76 تک پہنچا تو بابراعظم مارک ووڈ کی گیند پر بولڈ گئے جب کہ کپتان اظہر علی بھی 33 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ چوتھی وکٹ پر سرفراز احمد اور شعیب ملک نے شاندار کھیل پیش کیا اور 163 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد قومی ٹیم کے جیتنے کے امکانات روشن ہوئے۔ قومی ٹیم کا مجموعہ 240 تک پہنچا تو سرفراز احمد لیام ڈانسن کی گیند پر الیکس ہیلز کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 73 گیندوں پر 90 رنز بنائے جس کے بعد شعیب ملک بھی 77 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان 34 اور عماد وسیم نے 16 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ اور لیام ڈاسن نے 2،2 جب کہ کرس ووکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان نے انگلینڈ کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی تو انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور الیکس ہیلز نے کیا تاہم 37 رنز کے مجموعی اسکور پر ایلکس ہیلز محمد عامر کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والے دونوں کھلاڑی بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے اور بالترتیب 9 ، 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جیسن رائے 87، بین اسٹوکس 75 اور جونی بیرسٹو 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3 اور حسن علی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عمر گل سب سے زیادہ مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورز میں 77 رنز دیکر 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے ابتدائی 4 میچز میں انگلینڈ نے گرین شرٹس کو شکست سے دوچار کیا اور خاص طور پر تیسرے ون ڈے میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے کرکٹ تاریخ کا سب سے بڑا اسکور کیا۔