خبرنامہ

سرفراز احمد جیسا جارح مزاج کپتان پاکستان ٹیم کی ضرورت ہے، شاہد آفریدی

لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد ایک جارح مزاج کپتان ہیں اور ٹیم کو ایسے ہی قائد کی ضرورت ہے جب کہ میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔پاکستان کے سابق کپتان بوم بوم شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کو آگے بڑھنے کے لیے بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہے، بلاشبہ سرفراز احمد ایک جارح مزاج کپتان ہیں اور ٹیم کو ایسے ہی قائد کی ضرورت ہے، میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں اور امید ہے کہ وہ جلد ہی ایسا اچھا کمبی نیشن تشکیل دے کر ٹیم کو دوبارہ پراعتماد بنائیں گے۔آئی سی سی کو دیے گے انٹریو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا میرے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے، کیریئر میں میری کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتا رہا لیکن طویل کیریئر میں یہ ایک متوقع بات ہے، اتنے لمبے عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں اگرچہ میں نے ایسا سوچا بھی نہیں تھا، کرکٹ میں خوشی سے زیادہ غم ہوتا ہے اور اس عرصے میں کئی مراحل سے گزرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران میرے بھی کچھ خواب اور مقاصد تھے، میں اپنے آپ کو خوش قسمت تصور کرتا ہوں کہ میں اپنی کارکردگی سے کافی حد تک مطمئن ہوں اور لگتا ہے کہ میرا کوئی خواب سچ ہو گیا ہو۔ آفریدی کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد زیادہ وقت اپنی فاؤنڈیشن کے کام پر توجہ دوں گا جب کہ اس کے ساتھ ساتھ اپنے مداحوں کیلئے لیگز بھی کھیلوں گا۔