نیویارک:(اے پی پی) امریکا کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز اور جمہوریہ چیک کی کارولینا پالیسکووا اپنی فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میں داخل ہو گئیں جبکہ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ اور کروشیا کی انا کونجھ کوارٹر فائنل میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ امریکہ میں جاری سال کے چوتھے اور آخری گرینڈسلام ٹینس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز ایونٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں امریکا کی سرینا ولیمز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو 6-2، 4-6 اور 6-3 سے شکست دیکر ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالفائی کرلیا۔ ایک اور میچ میں جمہوریہ چیک کی کارولینا پالیسکووا نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کروشیا کی انا کونجھ کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-2 سے مات دیکر ایونٹ میں ٹاپ فور راؤنڈ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ایونٹ کا سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوچکا ہے اور سرینا ولیمز، کارولینا پالیسکووا، انجلی کیو کربر اور کیرولین وزنائیکی سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ چکی ہیں، اور پہلے سیمی فائنل میچ میں انجلی کیوکربر کا مقابلہ ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز کا مقابلہ کارولینا پالیسکووا سے ہوگا۔