کولمبو:(اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکن فاسٹ بولر تھسارا پریرا کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ کردیا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سری لنکن فاسٹ بولر تھسارا پریرا نے کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلوی کھلاڑی کو نازیبا زبان استعمال کرنے اور اشارے کرنے پر انہیں میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ کردیا۔ آئی سی سی کے مطابق تھسارا پریرا نے ضابطہ اخلاق کی شق 2.1.7 کی خلاف ورزی کی جس میں نازیبا اشارہ، الفاظ اور کوئی غیر اخلاقی حرکت آتے ہیں۔ آئی سی سی نے آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو تنبہہ نوٹس جاری کیا ہے جس میں انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر وہ آئندہ کسی میچ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے برخلاف اشارے کرتے پائے گئے تو انہیں سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے مچل اسٹارک کو ضابطہ اخلاق کی شق 2.1.1 کے تحت نوٹس جاری کیا گیا۔ گزشتہ روز سری لنکا نے 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو 82 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔