خبرنامہ

سوانح حیات؛ سنجے منجریکر نے عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

سوانح حیات؛ سنجے منجریکر نے عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

ممبئی:(ملت آن لائن) سابق بھارتی کھلاڑی سنجے منجریکر نے اپنی سوانح حیات میں عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ سابق بھارتی بیٹسمین سنجے منجریکراکثر کمنٹری کے دوران بھی عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے انھیں اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہیں، اپنی سوانح حیات میں بھی انھوں نے فاتح ورلڈکپ 1992قائدکی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

منجریکر نے کہا کہ سابق پاکستانی کپتان میچ کے دوران کھیل پر کمال کی نظر اور مکمل انہماک کا مظاہرہ کرتے تھے، اسکی ایک مثال فیصل آباد ٹیسٹ 1989میں سامنے آئی، ڈیبیو کرنے والے ٹنڈولکر بیٹنگ کررہے تھے،ایک گیند ان کے بیٹ کو ہلکا سا چھوکر وکٹ کیپر کے پاس گئی کسی اور کو بھنک تک نہ پڑی لیکن مڈآن پر فیلڈنگ کرنے والے عمران خان نے یہ ہلکی سی آواز بھی سن لی، ان کے سوا کسی نے اپیل نہیں کی، امپائر نے نفی میں سر ہلا دیا لیکن بعد ازاں ہماری آپس میں بات ہوئی کہ اس شخص نے کیا کمال کے حواس پائے ہیں جب کہ ٹنڈولکر جانتے تھے کہ گیند بیٹ کو چھو کر گئی تھی۔ سنجے منجریکر نے کتاب میں سری کانت کا نام لیے بغیر لکھاکہ اسی ٹیسٹ میچ میں ایک ساتھی بیٹسمین میری کال پر سنگل لینے سے انکار کرتے رہے کیونکہ وہ وسیم اکرم کا سامنا نہیں کرنا چاہتے تھے،مینجمنٹ سے شکایت کی توکہا گیا کہ اسے اس کے حال پر چھوڑ دو۔ منجریکر کے مطابق اس دور میں بھارتی کرکٹ مریض تھی جس میں 2000 کے بعد بہتری آنا شروع ہوئی۔