خبرنامہ

سچن ٹنڈولکر کی بیٹی کو اغوا کی دھمکی دینے والا ملزم گرفتار

سچن ٹنڈولکر کی بیٹی

سچن ٹنڈولکر کی بیٹی کو اغوا کی دھمکی دینے والا ملزم گرفتار

ممبئی:(ملت آن لائن) مایہ ناز سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی بیٹی کو اغوا کی دھمکی دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شخص گزشتہ کئی روز سے سچن ٹنڈولکر کی ممبئی کی رہائش گاہ پر فون کال کر کے ان کی صاحبزادی سارہ سے بدتمیزی کرتا اور انہیں اغوا کرنے کی دھمکی بھی دیتا۔

معاملے کا ممبئی پولیس کمشنر کو علم ہونے پر پولیس کی جانب سے کارروائی کی گئی جس کے بعد دیب کمار میتی نامی شخص کو مغربی بنگال سے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے سارہ کو تقریباً 20 مرتبہ کال کی اور اغوا کی دھمکی بھی دی جسے گرفتار کرلیا گیا ہے اور اسے مزید تحقیقات کے لئے ممبئی بھیجا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 32 سالہ ملزم دیب کمار پیشے کے اعتبار سے رنگ ساز ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے ذہنی دباؤ کا شکار ہے اور وہ بظاہر ذہنی مریض معلوم ہوتا ہے۔

پولیس کے مطابق سچن ٹنڈولکر کی رہائشگاہ کا نمبر حاصل کرنے کے حوالے سے ابھی ملزم سے تفتیش کرنا باقی ہے۔